بشریٰ بی بی کی پارٹی رہنماؤں سے مشاورت، علیمہ خان کے قریب رہنے والے رہنما غائب

اسلام آباد(پی این آئی)بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی پارٹی مشاورت میں شامل ہونے کی مختلف ذرائع نے تصدیق کی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی سیاست میں نہیں آ رہیں مگر وہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پارٹی تک پہنچائیں گی، بشریٰ بی بی بتائیں گی کہ بانی پی ٹی آئی کی کیا کیا ہدایات ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی نے گزشتہ روز پشاور سے ملک بھر کی تنظیم کو احکامات جاری کیے تھے، بشریٰ بی بی نے آج شام پارٹی رہنماؤں کو پشاور میں ملاقات کے لیے بلایا ہے تاہم انہوں نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے قریب رہنے والے رہنماؤں کو ملاقات کے لیے نہیں بلایا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کو بھی بشریٰ بی بی نے مشاورتی عمل میں شامل نہیں کیا۔عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے آج اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی سیاست میں حصہ نہیں لے رہیں اور نا ہی سیاست میں حصہ لیں گی تاہم بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنماؤں کو ملاقات کی اجازت نہیں مل رہی تو کسی نے تو ان کا پیغام پہنچانا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close