مریم نواز نے اپنی صحت سے متعلق افواہوں پر وضاحت دیدی

اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی صحت سے متعلق افواہوں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی صحت سے متعلق بات نہیں کرنا چاہتی تھیں لیکن جھوٹا پروپیگنڈا کرکے افواہیں پھیلائی گئیں، اپنے ہمدردوں کیلئے اس بات کرنا پڑی۔

لندن میں پارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے اپنی صحت سے متعلق کہا کہ میرے بیماری پر سوشل میڈیا پر جھوٹی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، مجھے کینسر ہونے کی افواہیں جھوٹی ہیں، مجھے پیراتھائیرائیڈ کا مسئلہ ہے۔مریم نواز نے کہا کہ ویلاگز بنائے جا رہے ہیں اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنے کیلئے پوچھا جا رہا ہے کہ میں نے اپنا علاج پاکستان سے کیوں نہیں کروایا تو انہیں بتانا چاہتی ہوں کہ میرا سارا علاج پاکستان میں ہی ہوتا ہے لیکن پیراتھائیرائیڈ ایسی بیماری ہے جس کا علاج پوری دنیا میں صرف دو ممالک میں ہی ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پیرا تھائیرائیڈ کا علاج انگلینڈ میں بھی نہیں ہوتا اور صرف سوئٹزرلینڈ اور امریکا ایسے ممالک ہیں جہاں اس بیماری کا علاج ممکن ہے۔مریم نواز نے بتایا کہ گزشتہ برس جنوری میں سوئٹزر لینڈ میں ان کی سرجری ہوئی تھی، اب بھی وہ علاج کروانے کے بعد چند روز میں پاکستان پہنچ رہی ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ وہ اپنی بیماری سے متعلق بات نہیں کرنا چاہتی تھیں، ان کی ایسی تربیت ہی نہیں کہ وہ وکٹم بن کر لوگوں کی ہمدردیاں سمیٹنے کی کوشش کریں لیکن جھوٹی افواہوں کی وجہ سے انہیں اس پر بات کرنا پڑی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close