سینئر پی ٹی آئی رہنما عمران خان کے احتجاج کے اعلان سے ناخوش

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے کئی اہم رہنما بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے اسلام آباد میں احتجاج کیلئے 24؍ نومبر کی تاریخ کے اعلان سے خوش نہیں۔

عمران خان کی بہن علیمہ خان اور ان کے وکیل کی جانب سے اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد احتجاج کی تاریخ کا اعلان کے بعد پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے ایک دوسرے سے رابطے کیے۔ یہ رہنما اپنی آپسی بات چیت میں عمران خان کے اعلان سے خوش نہیں تھے۔پارٹی کے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا ہے اور آئندہ چند روز میں عمران خان کے ساتھ اس معاملے پر بات کرنے اور انہیں احتجاج کی کال واپس لینے پر آمادہ کرنے پر غور کیا جائے گا۔

پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم لوگ ایک اور کوشش کریں گے اور عمران خان کو احتجاج کی کال واپس لینے کا مشورہ دیا جائے گا۔ دی نیوز کے پاس تحریک انصاف کے اُن رہنماؤں کے نام موجود ہیں جو عمران خان کے 24 نومبر کو ڈو آر ڈائی (Do or Die) احتجاج کے فیصلے سے خوش نہیں تاہم، پارٹی ذرائع نے اس نمائندے کو بتایا کہ اگر دی نیوز کی جانب سے ان رہنماؤں کے نام شائع کیے گئے تو پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر انہیں برا بھلا کہا جائے گا۔

پارٹی کے یہ رہنما عام نہیں بلکہ سرکردہ لیڈرز ہیں، ان میں سے کچھ عوامی سطح پر کافی سخت لب و لہجہ اختیار کرتے ہیں لیکن پس پردہ بات چیت میں وہ پی ٹی آئی کی ایسی سمجھدار شخصیات میں شامل ہیں جو پارٹی سوشل میڈیا کے دباؤ میں ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close