عمران خان مسلح تحریک کی پلاننگ کر رہے ہیں، رانا ثناء اللہ کا بڑا انکشاف

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے سیاسی اور بین الصوبائی امور کے مشیر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پُرامن احتجاج سب کا حق ہے، پرامن احتجاج کی سب کو اجازت ہے، لیکن سر پر کفن باندھ کر احتجاج کی کسی جمہوریت میں اجازت نہیں ہے۔

آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ’ایک ایسا احتجاج جو فتنہ پھیلائے لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال پیدا کرے، اس کی بھی کسی کو اجازت نہیں ہے‘۔ اس وقت پی ٹی آئی جو احتجاج کرنا چاہتی ہے، بقول ان کے وہ سر پر کفن باندھ کر آرہے ہیں، گھروالوں کو ہدایت کرکے آرہے ہیں کہ جنازے پڑھ لیجئے گا، اس سے مراد یہ ہے کہ وہ مرنے یا مارنے آرہے ہیں۔

عمران خان سے ملاقات میں سختیوں پر ان کا کہنا تھا کہ جب میں جیل میں تھا تو اپمنے گھروالوں یا وکلاء کے علاوہ میں کسی بندے کو نہیں مل سکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ جیل میں بیٹھ کر باہر تحریک چلانے کی پلاننگ کریں گے تو قانون اس بات کی اجازت نہیں دیتا، ہم تو وہاں بیٹھ کر کوئی تحریک نہیں چلا رہے تھے اس کے باوجود ہمارے ساتھ یہ سلوک تھا۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیانات سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ وہاں پر بیٹھ کر کچھ ایسے لوگوں سے بھی ملتے ہیں جو حکومت کے خلاف کوئی مسلح تحریک شروع کرنے کی پلاننگ کر رہے ہیں۔ یہ سبھی لوگ روز ملتے ہیں اور باہر آکر میڈیا پر پیغام دیتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close