صوابی (پی این آئی )خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جو گھر میں بیٹھ کر تحریک انصاف پر تنقید کر رہا ہے میں اسے پی ٹی آئی کا سمجھتا ہی نہیں ہوں۔
گزشتہ روز صوابی میں جلسے کے موقع پر وزیراعلیٰ پختونخوا سے مقامی چینل کے صحافی نے سوال کیا کہ ’کارکن ناراض ہیں وزیراعلیٰ ڈی چوک پر ہمیں چھوڑ کر آگئے ان کی ناراضی کو کیسے ختم کریں گے؟‘ اس پر علی امین گنڈا پور کا کہنا تھاکہ ’جن کی بات کر رہے ہو یہ اپنے گھر میں بیٹھے ہوتے تھے، یہ ڈی چوک میں ہوں گے بھی نہیں، میری پارٹی ہے مجھے پتا ہے کون کیا ہے؟‘
صحافی کے دوبارہ سوال پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ ’ان کی ناراضی بھاڑ میں جائے، خود نکلتے نہیں ہیں، بیٹھے گھر میں ہوتے ہیں، باہر بیٹھ کر باتیں کر رہے ہوتے ہیں، جو جانے والے ساتھ تھے وہ اب بھی ساتھ کھڑے ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ یہ جو تنقید کرنے کیلئے گھروں میں بیٹھے ہوتے ہیں، جو تنقید کرتا ہے پہلے اپنی ویڈیو تو دکھائے کہ خود کہاں تھا؟ خود گھر میں لیٹا ہوتا ہے اور دوسروں پر تنقید کرتا ہے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھاکہ ’ایسے بندوں کی کیئر نہیں کرتا اور نا یہ بندے تحریک انصاف کے ہیں، جو گھر میں بیٹھ کر تحریک انصاف پر تنقید کر رہا ہے میں اسے تحریک انصاف کا سمجھتا ہی نہیں ہوں‘۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں