اسلام آباد(پی این آئی )حکومت نے کوئٹہ اسٹیشن دھماکے کے بعد دہشتگردوں کو کچلنے کے لیے پوری طاقت سے اقدامات کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ میں اہم اجلاس ہوا جس میں ریلوے اسٹیشن خودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔شرکا نے شہدا کے خاندانوں اور زخمیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ دہشتگردوں کا سر کچلنے کے لیے پوری طاقت سے فیصلہ کن اقدامات کئے جائیں گے۔اجلاس میں دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کےلئے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان حکومت کو ضروری وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے بلوچستان حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر فورسز کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے لیے مکمل تعاون کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں