پی ٹی آئی کے پاور شو کی تیاریاں مکمل، وزیر اعلیٰ کے پی جلسہ گاہ کیلئے روانہ

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج صوابی میں پاور شو کرے گی۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی کی جانب سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جب کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر نے بھی ہر صورت جلسے میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں کوئی رکاوٹ نہیں روک سکتی، میانوالی سے قافلےکی صورت میں جلسہ گاہ میں شرکت کروں گا۔جلسے کے لیے صوابی ، مردان ،نوشہرہ اور پشاور سے تعلق رکھنے والے ہر رکن اسمبلی کو ایک ہزار کارکن لانے کا ٹاسک دیاگیا جب کہ دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کو 5، 5سو افراد لانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف آج صوابی میں پاور شو کرنے جارہی ہے، جس کے لیے پنڈال سجا دیا گیا ہے اور جلسہ گاہ میں کرسیاں اور لائٹس لگادی گئی ہیں۔ جلسے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت دیگر رہنما خطاب کرتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔صدر پی ٹی آئی لاہور شیخ امتیاز نے کہا ہے کہ کچھ لوگ صوابی پہنچ گئے ہیں، کچھ جانے کی تیاری کر رہے ہیں، لاہورکی قیادت آج دوپہر ایک بجے تک ہرصورت صوابی نکلے گی۔دوسری جانب تحریک انصاف کے صوابی میں جلسے کے معاملے پر پنجاب حکومت بھی متحرک ہوگئی ہے، راولپنڈی اور اٹک پولیس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں