ملکی معاملات میں امریکی مداخلت سے متعلق خبروں پرچودھری شجاعت کاردعمل آگیا

لاہور ( پی این آئی ) مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ امریکا کی نئی قیادت کی پاکستان کے امور میں مداخلت کے بارے افواہیں بے بنیاد ہیں۔

چودھری شجاعت حسین سے چین کے سرمایہ کاروں کے وفد نے سکارلٹ ژیانگ کی سربراہی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر چودھری شافع حسین سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے، وفد کی سربراہ میڈم سکارلٹ ژیانگ نے پاکستان اور پنجاب میں اپنے مجوزہ پروگراموں بارے آگاہ کیا، ملاقات میں امریکا میں ہونے والے انتخابات، نتائج، چین کی پالیسی اور دیگر امور پر بھی بات چیت ہوئی۔مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ امریکا کی اپنی پالیسیاں ہیں، وہ ہمارے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا، چین بھی اس حوالے سے واضح موقف رکھتا ہے، چین اور پاکستان کے مابین گہرے دوستانہ مراسم اور تجارتی تعلقات قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھایا جائے گا، چین کی جانب سے پاکستان اور پنجاب میں نئے پروگرام شروع کرنے پر مشکور ہیں، 3 لاکھ افراد کو تربیت کی فراہمی اور گجرات میں میڈیکل سٹی کے مجوزہ منصوبے پر بھی چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ایگریکلچر سیکٹر کے فروغ کیلئے چین کی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہئے، دونوں جانب کے پرائیویٹ سیکٹر میں بھی اشتراک بڑھانے کی ضرورت ہے۔

وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے کہا کہ چین کے سرمایہ کاروں کے پروگراموں کو آگے بڑھانے میں پنجاب حکومت مکمل تعاون کرے گی، چودھری شجاعت حسین نے پاکستان اور جنوبی کوریا کے مابین تجارتی تعاون بڑھانے کیلئے تاریخی کردار ادا کیا ان کی کاوشوں کی بدولت ہی سیم سنگ جیسی کمپنیاں پاکستان آئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close