ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بنتے ہی احسن اقبال نے ٹرمپ کیخلاف کیے گئے ٹوئٹس ڈیلیٹ کر دیے

لاہور (پی این آئی ) ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح، احسن اقبال نے ٹرمپ کیخلاف کیے گئے ٹوئٹس ڈیلیٹ کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی جانب سے دعوٰی کیا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح کے بعد ٹرمپ کیخلاف ماضی میں کی گئی ٹوئٹس ڈیلیٹ کر دیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق 2020 کے انتخابات میں جوبائیڈن کی فتح کے بعد احسن اقبال ٹرمپ کیخلاف سخت تنقید کرتے رہے، مریم نواز، بلاول بھٹو اور دیگر حکومتی رہنماوں کی جانب سے بھی ٹرمپ کیخلاف انتہائی سخت تنقیدی بیانات دیے گئے، ان کے یہ پرانے بیانات بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔جبکہ اس حوالے سے وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ اگر کسی نے ٹوئٹس کیے تھے پھر ڈیلیٹ نہیں کرنے چاہیے تھے۔

جبکہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر ٹرمپ کیخلاف بیانات دیے تھے تو پھر تگڑے رہتے ٹوئٹس ڈیلیٹ نہ کرتے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نوازشریف نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح پر ردعمل دینے سے گریز کیا ہے۔ میڈیا کے مطابق صدر ن لیگ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف لندن میں اپنی رہائشگاہ سے جنیوا جانے کیلئے روانہ ہوئے تو میڈیا نمائندے نے سوال پوچھا کہ ٹرمپ الیکشن جیت گئے ہیں کیا کہیں گے؟جس پر نوازشریف نے جواب دیا کہ جنیوا جارہا ہوں پھر بات کریں گے۔

نوازشریف امریکا کا دورہ کرکے گزشتہ روز لندن واپس آئے ہیں، امریکا میں نوازشریف پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کوصدارتی الیکشن جیتنے پر مبارکباددی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے پر امریکی قوم کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاک امریکہ تعلقات میں بہتر ی کی توقع کا اظہار کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close