عمران خان، بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس، بڑی پیشرفت سامنے آ گئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا، جہاں وکلا صفائی نے 35 گواہوں پر جرح مکمل کر لی۔

اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سماعت کی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ بشری بی بی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل آئیں۔اس موقع پر عمران خان کے وکیل ظہیر عباس اور بشری بی بی کے وکیل عثمان گل نے گواہوں پر جرح کی۔

نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مزید کوئی شواہد پیش نہیں کرنا چاہتے، جس پر عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کے 342 کے بیان کے لیے 8 نومبر کی تاریخ مقرر کر دی۔8 نومبر کو عدالت عمران خان اور بشری بی بی کو 342 کے بیان کے سوال نامے فراہم کرے گی۔

بعد ازاں، احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 8 نومبر تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ 4 نومبر کو عدالت نے 190ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل کو جرح کا حق ختم کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 6 نومبر تک ملتوی کر دی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close