بیرسٹر سیف کا نواز شریف اور آصف زرداری سے متعلق بڑا بیان

پشاور(پی این آئی) خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ حکومت تو آپ ہی کی ہے، بتائیں ڈیل کس سے ہورہی ہے؟ عمران خان رہائی کے بعد پاکستان ہی میں رہیں گے، بشریٰ بی بی بھی پاکستان میں ہیں، تاریخ گواہ ہے نواز شریف، زرداری سیمت ہر رہنما ڈیل کے بعد باہر گیا۔

اپنے ایک بیان میں صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ ڈیل کا الزام لگانے والے ڈیل کر کے باہر گئے، تاریخ گواہ ہے نواز شریف، شہباز شریف، زرداری اور بے نظیر سمیت ہر رہنما ڈیل کے بعد باہر گیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان رہائی کے بعد پاکستان ہی میں رہیں گے، بشریٰ بی بی بھی رہائی کےبعد پاکستان ہی میں ہیں۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما باعزت بری ہوکر اپنے ہی عوام کے درمیان رہیں گے، ڈیل وہ کرتے ہیں جو ملک اور عوام چھوڑ کر باہر اپنے عالیشان محلات میں بسیرا کرتے ہیں، عوام کا پیسہ لوٹ کر شریف اور زرداری خاندان نے اسی مقصد کے لیے باہر محلات بنائے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نہ باہر عالیشان محلات ہیں اور نہ ہی عوام کا پیسہ لوٹا ہے، جعلی حکومت بتائے ڈیل کس سے ہورہی ہے؟ حکومت تو آپ ہی کی ہے، ڈیل کا الزام لگانے والے اپنی جعلی حکومت پر جعلی ہونے کا مہر تصدیق ثبت کررہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں