اسپیکر قومی اسمبلی نے حکومت اور اپوزیشن کے ارکان کے نام جوڈیشل کمیشن کوبھجوادیے

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جوڈیشل کمیشن کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے ارکان کے نام سپریم جوڈیشل کمیشن کو بھجوادیے۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اسپیکر سردار ایاز صادق نے پارلیمانی جماعتوں کی جوڈیشل کمیشن میں نامزدگی کردی اور اس حوالے سے سپریم جوڈیشل کمیشن کو خط لکھ دیا۔

جوڈیشل کمیشن کیلئے قومی اسمبلی سے اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب، مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی شیخ آفتاب کو نامزد کیا گیا ہے جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے خاتون نشست پر روشن خورشید بروچہ کو نامزد کیا ہے۔

علاوہ ازیں، سینیٹ سے جوڈیشل کمیشن کیلئے پاکستان پیپلزپارتی کے سینیٹر فاروق نائیک اور پی ٹی آئی سینیٹر و اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نامزد کیے گئے ہیں۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق تمام نامزدگیاں سیکریٹری جوڈیشل کمیشن کو بھجوا دی گئی ہیں جو سپریم کورٹ کو موصول ہوگئی ہیں۔

ترجمان قومی اسمبلی نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور تمام پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کے بعد نام بھجوائے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد جوڈیشل کمیشن میں 5 اراکین پارلیمنٹ کو شامل کیا گیا ہے، پارلیمنٹ سے بھجوائے گئے ناموں میں حکومت اور اپوزیشن کی برابر کی نمائندگی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close