پاکستان پیپلز پارٹی نے بڑی دھمکی دے دی

پی پی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامرا نے دریائے سندھ پر ایک بھی کینال نکالنے پر سخت مزاحمت اور دمادم مست قلندر کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامرا نے کراچی میں ایم این اے آغا رفیع اللہ سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سخت لب ولہجہ استعمال کیا ہے۔

عاجز دھامرا نے کہا کہ دریائے سندھ پر 6 کینالز بنانے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ دریا پر 6 کینالز تو دور اگر ایک کینال بھی بنایا گیا تو پھر ہم سخت مزاحمت کرتے ہوئے دما دم مست قلندر کریں گے۔پی پی رہنما نے کہا کہ کینال اور ڈیم وہاں بنتے ہیں جہاں پانی زیادہ ہو۔ سندھ میں پانی کی پہلے ہی کمی ہے، تو کینال کیسے بن سکتے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے بینیفشری 25 کروڑ عوام ہیں۔ اچھا ہوتا اگر مخالفین اس کی مخالفت پارلیمنٹ کے اندر کرتے۔ سپریم کورٹ بار انتخابات میں ایسی ہی سوچ کو شکست ہوئی ہے۔عاجز دھامرا نے مزید کہا کہ اس پر کوئی قدغن نہیں کہ آئندہ آئینی ترمیم نہ ہو۔ جب بھی ضرورت پڑی تو مزید آئینی ترامیم ہوں گی۔

پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو نے 26 ویں آئینی ترمیم کے لیے سیاسی جماعتوں کو متحد کیا۔ وہ نوجوانوں کے لیڈر اور پاکستان کی امید ہیں۔ جمہوریت کے خلاف ہونے والی کسی بھی سازش کو بلاول ہی ناکام بنائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close