ایمان مزاری اور انکے شوہر کو بڑا ریلیف مل گیا

اسلام آباد( پی این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں گرفتار ایڈوکیٹ ایمان مزاری اور ان کے شوہر عبدالہادی علی چٹھہ کا انسداد دہشت گردی کی عدالت سے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کر دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل ڈویژن بینچ نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی موومنٹ کے دوران سکیورٹی کے لیے لگائے گئے ٹریفک روٹ کی خلاف ورزی کرنے پر بنائے گئے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے ایمان مزاری اور عبدالہادی علی چٹھہ کے تین روزہ جسمانی ریمانڈ کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔درخواست گزاروں کی جانب سے وکیل قیصر امام عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور کہا کہ درخواست گزاروں کو مقدمے میں تین روزہ جسمانی ریمانڈ دیا گیا ہے۔

انہوں نے عدالتی ہدایت پر انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے دیا گیا ریمانڈ آرڈر پڑھ کر سنایا۔ عدالت نے ریمانڈ آرڈر معطل کرتے ہوئے پولیس کو نوٹس جاری کرکے کل تک جواب طلب کر لیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close