اسلام آباد ( پی این آئی) مرکزی رہنماء پی ٹی آئی سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ عمران خان جلد آخری کیس میں سرخرو ہوں گے اور نومبر میں جیل سے باہر ہوں گے، ان کیلئے نومبر سے آگے عمران خان کو جیل میں رکھنا مشکل ہوگا، نومبر میں امریکی اسٹیبلشمنٹ میں بھی تبدیلی آجائے گی، 5 نومبر کو ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن جیت رہا ہے۔
انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ نے جس فسطائیت کا ثبوت دیا ، شرم حیا نام کی کوئی چیز نہیں رہی، ایسا کام ضیاء الحق نے بھی نہیں کیا تھا، ہم وہ دور بھی دیکھا ہے، اس نے لوگوں کو پابند سلاسل کیا، پھانسیاں دیں، لیکن اس نے بھی نہیں کیا تھا جو موجودہ حکومت ریکارڈ قائم کررہی ہے، یہ گنیز بک میں لکھا جائے گا۔
سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ یہ بات لکھ لیں کہ حکومت 27ویں ترمیم کبھی پیش نہیں کرے گی، یہ بس افواہ چھوڑی گئی ہے، آئین کو جس طرح مسخ کیا گیا اس سے ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر کی روح تڑپ گئی ہوگی، میثاق جمہوریت کی روح یہ تھی کہ اپوزیشن کا بھی مثبت رول ہوگا ،میثاق جمہوریت کی روح یہ تھی کہ صحافت آزاد ہوگی، مولانا فضل الرحمان نے 26 ویں آئینی ترمیم کو کالا ناگ کہا تھا، مولانا نے کہا تھا کہ کالے ناگ کا زہر اور دانت نکال دیئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں