استنبول سے لاہور آنے والے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

اسلام آباد(پی این آئی)غیر ملکی ائیر لائن کی استنبول سے لاہور کی پرواز میں سوار ایک مسافر کا انتقال ہوگیا جس کے باعث پرواز کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق استنبول سے لاہور کی پرواز ٹی کے 714 نے آج صبح 4 بج کر 35 منٹ پر لاہور علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اترنا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ استنبول سے روانگی کے ڈھائی گھنٹے بعد طیارہ آذربائیجان کی فضائی حدود میں تھا کہ طیارے میں سوار ایک مسافر کی طبیعت خراب ہوگئی جس پر پائلٹ نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے ائیر ٹریفک کنٹرول سے میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔

ذرائع کے مطابق اجازت ملنے پر ائیر بس اے 330 طیارے نے باکو ائیرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی اور مسافر کا فوری طور پر طبی معائنہ کیا گیا تاہم اس وقت تک مسافر کا انتقال ہو چکا تھا۔ میڈیکل ٹیم نے مسافر کی موت کی تصدیق کی اور ضابطے کی کارروائی کے بعد میت ائیرلائن انتظامیہ کے حوالے کی جب کہ طیارہ لگ بھگ ڈھائی گھنٹے بعد باکو سے لاہور کے لیے روانہ ہوا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ لاہور میں تاخیر سے پہنچنے پر یہ پرواز ساڑھے 3 گھنٹے تاخیر سے اپنی منزل استنبول کے لیے روانہ ہو سکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close