ایف سی کی گاڑی کے قریب خوفناک دھماکا

بلوچستان کے ضلع دکی میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔

منڈے تک کے علاقے میں سڑک کے کنارے نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے نصب دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) اس وقت پھٹ گیا جب ایف سی کی گاڑی گشت پر تھی۔

ایک سینئر سیکیورٹی افسر نے بتایا کہ دھماکے میں ایف سی کے 4 اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور وہ دکی کول فیلڈز سے کوئلہ لے کر پنجاب جانے والے ٹرکوں کی سیکیورٹی کے ساتھ تھے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی اہلکار اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو دکی کے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا۔

بعد ازاں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے، ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ آئی ای ڈی کو ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا تھا۔دکی میں گزشتہ چند ماہ کے دوران کان کنوں کو نشانہ بنانے والے متعدد پرتشدد حملوں کے بعد سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 11 اکتوبر کو بلوچستان کے علاقے دکی میں کوئلے کی کان پر مسلح افراد کے حملے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close