پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے کہا ہے کہ نئی حکومت آنے کے بعد پاکستان اور چین کے باہمی روابط میں اضافہ ہوا ہے، چار ماہ کے اندر پاک چین قیادت کی دوبارہ ملاقات دو طرفہ قریبی تعلق کا مظہر ہے۔
جیانگ ژی ڈونگ نے کہا کہ چینی وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران صدر وزیراعظم ،ا سپیکر، چیئرمین سینیٹ ، آرمی چیف اور دیگر سکیورٹی عہدیداروں سمیت پاکستانی قیادت سے چینی شہریوں کے تحفظ کا معاملہ اٹھایا ہے، چین چاہتا ہے کہ اس کے شہریوں پر حملوں میں ملوث افراد کیفر کردار تک پہنچیں۔اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کا شکار ہونے والے چینی شہری معصوم تھے اور پاکستان کی ترقی کے منصوبوں پر کام کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایس سی او کا کامیاب انعقاد ہوا، چینی وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ گوادر کے جدید ائیر پورٹ کا افتتاح کیا جبکہ چینی وزیراعظم کے دورے کے دوران کئی اہم ایم او یوز پر بھی دستخط ہوئے۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین کے وزیر اعظم کے ساتھ ملاقاتوں میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور چینی شہریوں پر حملوں کی تحقیقات کریں گے۔جیانگ ژی ڈونگ کا کہنا تھا کہ وہ دہشتگردی سے لڑ کر قربانیاں دینے والی پاکستانی فوج اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں