اسلام آباد (پی این آئی )انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی وینز پر حملے میں فرار ہونے والے قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ تین قیدی وینز میں 82 ملزمان موجود تھے جنہیں پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کیا جارہا تھا، سنگجانی ٹول پلازہ کے پاس نامعلوم ملزمان قیدی وین پر حملہ آور ہوئے۔
علی ناصر رضوی نے کہا کہ حملے کے بعد کچھ قیدی وین سے فرار ہوگئے، فرار ہونے والے قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا، فرار ہونے والوں میں 2 ایم پی اے بھی شامل تھے جنہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا، قیدیوں کو اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے قیدیوں کو فرار کروانے کی کوشش ناکام بنا دی، حملہ آوروں کی تعداد 18 سے 20 تھی جن میں ایک ایم پی اے کا بیٹا بھی شامل تھا، پولیس نے چار حملہ آوروں کو بھی گرفتار کیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں میں شامل ایم پی اے کا بیٹا،ایک پولیس اہلکار اور 2 دیگر ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں