ٹک ٹاک کا پاکستانی نوجوان کے لیے بڑے مقابلے کا اعلان

ٹک ٹاک نے پاکستانی نوجوان کے لیے بڑے مقابلے کا اعلان کردیا ، مقابلے میں نوجوان کیسے شامل ہوسکتے ہیں؟ طریقہ کار سامنے آگیا۔تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے تعاون سے پاکستان بھر کےنوجوانوں میں ڈیجیٹل سیفٹی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے DigitalHifazat# مقابلہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ مقابلہ ٹک ٹاک کے کری ایٹرز کو ایسی مختصر اور مؤثر ویڈیوز تیار کرنے کی دعوت دیتا ہے، جن میں چھ اہم شعبوں پر روشنی ڈالی گئی ہو: سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال، آن لائن ہراس کا مقابلہ، آن لائن دھوکہ دہی کی روک تھام، نوجوانوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا، ٹک ٹاک کے سیفٹی ٹولز کو سمجھنا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غلط معلومات کا تدارک۔
DigitalHifazat# مقابلے کے ذریعے ٹک ٹاک اور پی ٹی اے کا مقصد پلیٹ فارم کے صارفین کو ڈیجیٹل سیفٹی کا پیغام پھیلانے اور شیئر کرنے سے قبل معلومات کی تصدیق کے رُجحان کو فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

اس مقابلے میں شرکت کرکے ، صارفین دوسروں کو ذمہ دارانہ آن لائن طرز عمل کے بارے میں آگاہی دینے میں کردار ادا کریں گے اور سب کے لیے ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی تخلیق میں حصہ لیں گے۔

ٹک ٹاک اپنے صارفین کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ پلیٹ فارم پر موجود کانٹنٹ اِس کی کمیونٹی گائیڈ لائنز کے مطابق ہو، آن لائن ہراس، دھوکہ دہی، نوجوانوں کے تحفظ کو لاحق خطرات اور غلط معلومات جیسے مسائل کو کم کیا جاسکے۔DigitalHifazat# مقابلہ ٹک ٹاک کی اُن اقدار کو برقرار رکھنے اور اپنی عالمی برادری کے لیے ایک محفوظ اور مثبت مقام برقرار رکھنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔

کری ایٹرز DigitalHifazat# ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنی ویڈیوز پوسٹ کرکے اور درخواستوں میں ptaofficialpk @ کو ٹیگ کرکے مقابلہ میں شامل ہوسکتے ہیں۔

انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں دستیاب ٹک ٹاک پر مقابلے کےآفیشل ہیش ٹیگ پیج پر فارم پُر کر کے ویڈیوز کے ساتھ جمع کرانا ضروری ہے۔

ایپ پر DigitalHifazat# ہیش ٹیگ تلاش کرکے پیج تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے، کامیاب ویڈیوز کا انتخاب کانٹنٹ کے معیار، موضوع سے مطابقت اور ٹک ٹاک کی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی تعمیل کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

نتائج کا اعلان آفیشل ہیش ٹیگ پیج پر کیا جائے گا اور کامیاب شرکت کنندہ کو ایپل آئی پیڈ ایئر دیا جائے گا جبکہ 2 رنر اپ کو سام سنگ اسمارٹ فون ملیں گے۔ کانٹنٹ 13 برس اور اس سے زائد عمر کے شرکاء کے لیے ہے۔

ٹک ٹاک اور پی ٹی اے کے درمیان یہ شراکت داری پاکستان میں ڈیجیٹل خواندگی اور تحفظ کو بڑھانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

DigitalHifazat# مقابلہ پاکستانی نوجوانوں اور شائقین کو اہم ڈیجیٹل مسائل پر اپنے خیالات کے اظہار کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا، جس سے بالآخر
ایک زیادہ باخبراور ذمہ دار آن لائن کمیونٹی کو فروغ ملے گا۔

یہ مقابلہ 20 اکتوبر سے 05 نومبر 2024 تک جاری رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close