آئینی ترمیم، پی ٹی آئی نے معاملہ کب تک ملتوی کرنے کی تجویز دے دی؟

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ہمیں آئینی ترمیم کے مسودے سے اتفاق نہیں ،ہم سمجھتے ہیں معاملے کو پیر تک روکا جائے۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پہلی بار اپنی صحت سے متعلق بتایا، ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہائی اسپرٹ میں ہیں، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کا لیڈر کہہ رہا ہے کہ جیل میں بجلی بند ہے تو بند ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ ایک ڈاکٹر آیا تھا، انہوں نے ہمیں 4 ڈاکٹروں کی رپورٹ دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک کی سب سے بڑی پارٹی ہیں، آپ توقع کررہے ہیں کہ 40 منٹ میں آئینی ترمیم پر معاملہ طے کرلیں!شیخ وقاص اکرم نے یہ بھی کہا کہ ہم نے حکومت سے کوئی مسودہ نہیں لیا، مولانا فضل الرحمان صاحب کو بتایا ہے کہ پیر کو دوبارہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ انگیج نہیں کر رہے، فضل الرحمان کر رہے ہیں، ہمیں اس مسودے پر اتفاق نہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ وزیراعظم کو اپنی مرضی کا چیف جسٹس لانے کا اختیار دے رہے ہیں، عدلیہ ملک کا ستون ہے، ایک ستون کو دوسرے میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ بھی ہمیں قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ ہمارے تابع نہیں، ان کی اپنی جماعت ہے، ہم سمجھتے ہیں معاملے کو پیر تک روکا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close