پی ٹی ایم پر پابندی کی وجوہات سامنے آ گئیں

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) پر پابندی کی وجوہات بتادیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی ایم کے کالعدم ٹی ٹی پی (فتنہ الخوارج) اور افغان طالبان سے رابطے ہیں، دہشت گرد تنظیموں سے رابطے کی بنیاد پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پشتون تحفظ موومنٹ کو بیرونی فنڈنگ مل رہی ہے اور ان کا بیانیہ پاکستان مخالف ہے، پی ٹی ایم سے منسلک افغان شہریوں نے پاکستانی سفارتخانے پر حملہ کیا اور پرچم کی بےحرمتی کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی ایم کو کسی بھی طرح کا تعاون فراہم کرنا ممنوع ہے، تنظیم کے دہشت گرد گروپوں سے رابطے اور فنڈنگ کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی تنظیم کو ثبوتوں کی بنیاد پر کالعدم قرار دیا جاتا ہے، یہ دیکھا جاتا ہے کہ ان کی فنڈنگ کہاں سے ہورہی ہے اور ان کے مقاصد کیا ہیں۔

عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ سفارتخانوں سے جھنڈے اتارنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پی ٹی ایم نے پاکستان کے جھنڈے کو نذر آتش کیا۔انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں، پی ٹی ایم کے ساتھ رابطے کرنے والی تنظیموں کےلیے یہ وارننگ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close