جیب میں ایک روپیہ بھی نہیں تھا، گنڈاپور نے 12 اضلاع میں کیسے سفر کیا؟

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ جب خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد سے نکلا تو جیب میں ایک روپیہ نہیں تھا، 12 اضلاع سے ہو کر پشاور پہنچا ہوں ۔

واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے سے غائب رہنے والے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور منظر عام پر آگئے ہیں اور وہ اچانک صوبائی اسمبلی پہنچے جہاں اسپیکر بابر سلیم سواتی کے زیر صدارت اجلاس جاری تھا۔صوبائی اسمبلی پہنچنے پر اراکین کی جانب سے وزیر اعلیٰ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ علی امین نے بتایا کہ وہ گزشتہ رات اسلام آباد میں ہی تھے اور ان کی گرفتاری کے لئے چھاپے پڑتے رہے تاہم، وہ محفوظ رہے۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ جب پشاور آنے کے لئے خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد سے نکلا تو میری جیب میں ایک روپیہ بھی نہیں تھا اور میں 12 اضلاع سے ہو کر پشاور پہنچا ہوں۔اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سیاسی پارٹیوں کو کہتا ہوں اپنے بچوں کا مستقل چاہتے ہو تو اپنی اصلاح کرو، ہماری یہ جنگ جاری ہے ، یہ جنگ تم نے شروع کی ہے اور انشاء اللہ اختتام ہم کریں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کی متضاد اطلاعات تھیں تاہم، اتوار کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایسی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی ادارے کی جانب سے گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ ان کی کے پی ہاؤس سے بھاگنے کی ویڈیو موجود ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close