ویڈیو میں کے پی ہاؤس سے واپس جانیوالا علی امین گنڈاپور نہیں بلکہ کون تھا؟

اسلام آباد(پی این آئی)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ہیلتھ انجینئرنگ پختون یارنے دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں علی امین گنڈاپور سے منسوب ویڈیو میری ہے۔

گزشتہ روز کی خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد کی فوٹیج سامنے آئی ہے جس سے متعلق کہا گیا ہے کہ ویڈیو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جو کے پی ہاؤس میں داخل اور وہاں سے باہر نکل رہے ہیں۔تاہم اب صوبائی وزیر پختون یارنے دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں علی امین گنڈاپور سے منسوب ویڈیو میری ہے۔

جیونیوز سے گفتگو میں پختون یارکا کہنا تھاکہ ویڈیو میں کے پی ہاؤس اسلام آباد سے واپس جانے والے علی امین نہیں بلکہ میں ہوں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ سی سی ٹی وی ویڈیو میں مجھے علی امین سے منسوب کیا جارہا ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا تھاکہ جعلی حکومت کی جاری تصویر میں کے پی ہاؤس سے نکلتا شخص صوبائی وزیر پختون یار ہیں، پختون یار نے خود اس حوالے سے ویڈیو بیان بھی جاری کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ اورپختون یارکی ویڈیو بھونڈے طریقے سے اکھٹی کرکے غلط معلومات پھیلارہے ہیں، جعلی حکومت ایک جھوٹ چھپانے کیلئے 100 جھوٹ بول رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں