اسلام آباد(پی این آئی) گزشتہ روز ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے زخمی ہونے والا اسلام آباد پولیس کا اہلکار حمید شاہ اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق حمید شاہ 26 نمبر چونگی کے مقام پر مظاہرین کے تشدد سے شدید زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں آج وہ زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ اسلام آباد پولیس کا بتانا ہے کہ جاں بحق پولیس اہلکارکی نماز جنازہ کچھ دیربعدپولیس لائنز میں ادا کی جائےگی۔ پولیس کے مطابق شہید عبدالحمید شاہ اسلام آباد پولیس میں 1988 میں بھرتی ہوئے اور وہ ایبٹ آباد کے رہائشی تھے، عبدالحمید شاہ نے3 ماہ بعد پولیس سے سروس مکمل کرکے ریٹائر ہونا تھا۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ دو روز سے پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان وقتاً وقتاً جھڑپیں بھی جاری رہیں۔ گزشتہ رات میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا تھا کہ مظاہروں میں اسلام آباد پولیس کے 31 اہلکار، پنجاب پولیس کے 75 اہلکار زخمی ہیں جبکہ ایک پولیس اہلکار کی حالت تشویشناک ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں