عمران خان کا انجام کیا ہوگا؟ فیصل واوڈا کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد (پی این آئی) سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو سمجھ آگیا ہے کہ وہ پھنس گئے ہیں اور باہر نہیں نکل سکتے، ان کو لاشیں چاہئیں وہ فرسٹریٹڈ ہیں، ان کا انجام بانی ایم کیو ایم والا ہوگا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ اب کچھ ہوا تو معاملہ آرمی کورٹ میں چلا جائے گا، پچھلی بار جب گنڈاپور آئے تھے تو ان کے موبائل کے سگنل نہیں مل رہے تھے، ان کو پیسٹری کھلائی تھی، اس بار وِپڈ کریم کے ساتھ پیسٹری کھلائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی سرکاری وسائل استعمال کر رہےہیں، قانون میں لکھا ہے کہ ڈی چوک نہیں آنا، لیکن ان کو یہیں آنا ہے، یہ سرکاری لوگوں کو لا کر خوار کر رہے ہیں، اپنے بچوں کو کیوں نہیں لا رہے؟ ایک صوبے کے وسائل استعمال کرتے ہوئے آپ وفاق پر چڑھائی نہیں کر سکتے، اکسایا وزیراعلیٰ نے ہے تو وزیراعلیٰ اور بانی پی ٹی آئی کیخلاف پرچہ کٹے گا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ حکومت کا کام ہے کہ غبارے سے ہوا نکالے، حکومت پی ٹی آئی کو مخصوص جگہ دے، بانی پی ٹی آئی کا احتجاج پانی کا بلبلہ ہے، مچھر پارٹی کے مچھر پروٹیسٹ کو مارنے کیلئے تلوار نکال لی، پی ٹی آئی کی اسٹریٹیجی یہی ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں رہیں۔

سینیٹر نے کہا کہ شیخ وقاص تین چار جماعتیں گھوم کر آچکے ہیں، بیرسٹر گوہر، عمر ایوب کدھر ہیں؟ کہیں بھی نہیں، پتا نہیں یہ کیا کر رہے ہیں، دونوں طرف سے شیلنگ ہو رہی ہے، یہ غریبوں کو مروانے کی سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بجلی سستی ہورہی ہے، مزید سستی ہوگی، ترسیلات ریکارڈ پر ہیں، ایکسپورٹس بڑھ رہی ہیں، کریڈٹ ایس آئی ایف سی کو جاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close