سابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے علوی ڈینٹل کلینک کو سیل کرنے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
عدالتِ عالیہ میں سابق صدر عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی اور بیٹے اواب علوی نے فوری سماعت کی استدعا دائر کی ہے جو سندھ ہائی کورٹ نے منظور کر لی ہے۔ڈینٹل کلینک سیل کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کچھ دیر بعد عدالت کا 2 رکنی بینچ کرے گا۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایس بی سی اے نے سندھی مسلم سوسائٹی میں واقع ڈینٹل کلینک سیل کر دیا ہے۔
درخواست گزاران ثمینہ علوی اور اواب علوی کے وکیل بیرسٹر علی طاہر نے مؤقف اپنایا ہے کہ کلینک سیل کرنے کی وجہ محض سیاسی انتقام ہے، ڈاکٹر عارف علوی کو صرف سیاسی بنیادوں پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔وکیل کا درخواست میں کہنا ہے کہ ڈینٹل کلینک طویل عرصے سے ہے، سیل کرنے سے پہلے کوئی نوٹس نہیں دیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق صدرِ پاکستان عارف علوی کا کراچی میں ڈینٹل کلینک سیل کر دیا گیا۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے جمعرات کو سندھی مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی بلاک بی مکان نمبر 23 بی میں کارروائی کرتے ہوئےڈینٹل کلینک جو رہائشی بنگلے میں قائم تھا سیل کر دیا۔ایس بی سی اے کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری نے اس کارروائی میں حصہ لیا۔اس حوالے سے ایس بی سی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ کلینک رہائشی مکان میں ہونے پر سیل کیا گیا، یہ ایک معمول کی کارروائی تھی، ایسی کارروائیاں پورے شہر میں کی جا رہی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں