سکولوں میں چھٹی ،طالبعلموں کیلئے اہم خبر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے کل بروز جمعہ احتجاج کی کال کے پیشِ نظر دارالحکومت میں اسکولز بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا۔پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے کل اسلام آباد میں اسکولز بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، دوپہر کے بعد ڈی سی سے رابطہ نہیں ہوا بچوں کو خوار نہیں کرنا چاہتے۔

ایسوسی ایشن نے کہا کہ آج بھی طلبا و طالبات کنٹینرز کی وجہ سے مشکلات کا شکار رہے۔پی ٹی آئی نے کل اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے جبکہ وفاقی حکومت نے بھی ان سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

آج آئی جی اسلام آباد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملائیشین وزیر اعظم پاکستان میں موجود ہیں جبکہ سعودی عرب کا وفد بھی پاکستان آ رہا ہے، وفاقی دارالحکومت میں اہمیت نوعیت کی بین الاقوامی تقاریب ہو رہی ہیں، ایک مملکت کا سربراہ موجود ہے اور پی ٹی آئی دھاوا بولنے کا سوچ رہی ہے، سیاست کریں مگر یہ طریقہ درست نہیں ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ جلسے کرنے کی جگہ مختص ہے، پی ٹی آئی کو پہلے بھی جلسے کی اجازت دی گئی تھی، احتجاج حق ہے لیکن اس قیمت پر نہ کریں کہ ملک کی بدنامی ہو، کسی کو دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اسلام آباد میں اس وقت حساس صورتحال ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close