فیصل واڈا کے پی ٹی آئی پر سخت تنقیدی وار

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واڈا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو لاشیں چاہئیںاور یہ لڑائی کے لیے ریڈ زون آنا چاہتے ہیں یہ چاہتے ہیں کہ گولیاں چل جائیں کیوں کہ پارٹی کے اندر لوگوں کو مروانے کی منصوبہ بندی ہوچکی ہے۔سینیٹر فیصل واڈا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریاست، سیاست اور حکومت کی ایک حد ہے، ڈھیل، مروت، لحاظ بہت ہوچکا، بدمعاشی کی سیاست کرنی ہے تو دیکھ لیتے ہیں کہ کون کامیاب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وسائل احتجاج کے لیے استعمال کئے جارہے ہیں، علی امین گنڈاپور اس لیے آگ برسا رہے ہیں کہ وہ وزیراعلیٰ ہیں، وہ صرف ایک پیادہ ہیں لیکن میرے لیے ان کی زندگی بھی اہم ہے کیوں کہ وہ میرے ساتھی رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ بندی ہوگئی کہ بندے مارنے ہیں اور لاشوں کی سیاست کرنا ہے، انہیں لاشوں کے ڈھیر کی ضرورت ہے، لیکن خیبرپختونخوا کے لوگ بھی ہمارے اپنے ہیں۔

فیصل واڈا نے کہا کہ ایک پوری کہانی چل رہی ہے جسے دیکھنے کی ضرورت ہے، خدارا معصوم لوگوں اور بچوں کی جان بچائیں، عدلیہ کو معصوم لوگوں کی جانیں بچانیں کے لیے مداخلت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جلسوں میں 50 ہزار افرادبھی آگئے تو کیا یہ 25 کروڑ کی نمائندگی ہے، عمران خان غریب کے بچوں کی زندگیوں سے نہ کھیلیں، یہ کہتے ہیں میرے اقتدار کیلئے لاشیں گرادو۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس وقت بانی کو بھی روکا تھا لیکن عمران خان اور فیض حمید مل گئے، میں نے پہلے بھی کہا تھا لانگ مارچ نہ کریں آپ پر گولیاں چلیں گی۔فیصل واڈا نے کہا کہ ان کی پارٹی میں ٖڈکٹیٹرشپ ہے، ان کی پارٹی میں جو شریف ہوتا ہے اسے بزدل کہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی جگری دوست نعیم الحق کی وفات پر بھی نہیں گئے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی آزادی کی بات کررہےہیں تو اپنے بیٹوں کو پہلے پاکستان بلائیں، ہم ساری چیزیں سن اور دیکھ رہے ہیں، ٹائمنگ اہم ہے کیوں کہ پاکستان میں ایس سی او اجلاس ہونے جارہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مروت اور لحاظ بہت ہوگیا، مجھے اس دوراہے پر نہ لایا جائے کہ آپ کی چیزیں قوم کے سامنے رکھ دوں، میری پریس کانفرنس کا مقصد یہی ہے کہ عوام کو بچانا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close