کوئٹہ (نیوز ڈیسک)بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بروری بائی پاس کے قریب باراتیوں سے بھری بس کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ حادثے میں زخمیوں کی تعداد 20 ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، تمام زخمیوں کو علاج کیلیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔باراتیوں کی بس ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری جو ہزارہ ٹاؤن سے بلیلی جا رہی تھی۔
رواں سال اگست میں اسی طرح کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں بلوچستان سے پنجاب جانے والی قومی شاہراہ پر دو گھنٹوں کے دوران مسافر بسیں الٹنے کے دو واقعات میں انتیس افراد زخمی ہوگئے تھے۔بلوچستان سے پنجاب جانے والی قومی شاہراہ پر 2 گھنٹے کے دوران 2 مسافر بسیں حادثے کا شکار ہوئی تھیں۔ کوئٹہ سے ژوب جانے والی کوچ قومی شاہراہ پر ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں مزداٹرک کو بچاتے ہوئے کھائی میں گر گئی تھی جس کے نتیجے میں پندرہ مسافر زخمی ہوگئے تھے۔
مذکورہ حادثہ کے ڈیڑھ گھنٹے بعد اسی شاہراہ پر ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے مسلم باغ میں ایک اور مسافر بس الٹ گئی تھی۔کوئٹہ سے مسافروں کو لیکر لاہور جانیوالی بس تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوئی جس کے باعث چودہ مسافر زخمی ہوگئے تھے۔زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مسلم باغ لے جایا گیا تھا جہاں سے سات شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا تھا جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں