امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے 7 تاریخ کو اسلام آباد میں غزہ ملین مارچ کرنے کا اعلان کر دیا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ یکم اکتوبر سے لے کر 7 اکتوبر تک غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کریں گے۔اُنہوں نے کہا کہ ہم تمام سیاسی جماعتوں کو اس مارچ میں شرکت کی دعوت دیں گے، 7 اکتوبر کو 12 بجے گھروں سے نکل کر غزہ کے ساتھ یک جہتی کریں گے، ہم سفارت کاروں، وکلاء اور علمائے کرام سے بھی اس حوالے سے بات چیت کریں گے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان نے کہا کہ نیتن یاہو کے خلاف اسرائیل میں مظاہرے ہوئے، فلسطین، غزہ، لبنان اور یمن میں اسرائیل بم باری کر رہا ہے، اسرائیل نے لبنان میں اپنی فوجیں اتارنا شروع کر دی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اسرائیل کا انٹیلیجنس نیٹ ورک تباہ ہو گیا تھا اب غزہ کے چاروں اطراف اسرائیل موجود ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ابھی تک اسرائل نے 30 ہزار بچوں اور خواتین کا قتل عام کیا، ایسے حالات میں استقامت کا مظاہرہ کرنے پر فلسطین کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔اُنہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو فلسطین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تھا، پوری امت کو فلسطین کے ساتھ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے، حکمراں طبقہ فلسطین کے معاملے پر اپنا کردار ادا نہیں کر رہا، آج حکومت پر دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان نے کہا کہ غزہ اور فلسطین کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔اُنہوں نے بتایا کہ آج ہم پاکستان تحریکِ انصاف سے رابطہ کریں گے اور ہم اس معاملے پر حکومت سے بھی رابطہ کریں گے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ وکلاء اور علمائے کرام سے بھی فلسطین کے حوالے سے بات چیت کریں گے، فلسطین کے عوام ہماری جنگ لڑ رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں