راولپنڈی (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے راولپنڈی احتجاج ختم کرنے پر پارٹی قیادت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی چوک پر احتجاج کی کال دینے کا حکم دے دیا۔
وی نیوز کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم نے ان سے سوال کیا کہ ’راولپنڈی کا احتجاج مؤخر کرنے کا فیصلہ کس کا تھا؟‘ اعظم سواتی نے بتایا کہ ’بیرسٹر گوہر نے احتجاج مؤخر کرنے کی کال دی‘، یہ سن کر عمران خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’بیرسٹر گوہر بزدل آدمی ہے اس کو فارغ کریں‘۔بتایا گیا ہے کہ جب اعظم سواتی نے پی ٹی آئی قائد کو بتایا کہ ’راولپنڈی میں ہمارا احتجاج بڑا زبردست تھا جہاں لوگوں نے مزاحمت کی اور شام تک لڑتے رہے‘، اس پر عمران خان نے ان سے استفسار کیا کہ ’اگر احتجاج کامیاب تھا تو مؤخر کیوں کیا؟ کیا آپ کو یہاں صفائیاں دینے کے لیے بھیجا گیا ہے؟‘۔
معلوم ہوا ہے کہ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو حکم دیا ہے ’اگلے جمعہ کو ڈی چوک اسلام آباد پر احتجاج کی کال دیں اور جو مرضی ہو جائے، چاہے 2 دن لگیں ہر صورت ڈی چوک پہنچنا ہے، اگر علی امین گنڈاپور راولپنڈی احتجاج کے لیے لیاقت باغ پہنچ جاتا تو بڑا لیڈر بن جاتا کیوں کہ عوام فیصلہ کرچکی ہے، میرے اور عوام کے درمیان کوئی غلط فہمی نہیں ہے، اب پارٹی قیادت بھی اپنا فیصلہ کرلے‘۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں