راولپنڈی(پی این آئی )راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج اور توڑ پھوڑ کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنان کے خلاف تھانہ سٹی میں ایس ایچ او سٹی خالد یار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جبکہ عمران خان اور علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمہ تھانہ نیو ٹاون میں سب انسپکٹر عمر صدیق کی مدعیت میں درج کیا گیا۔مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت، بلوہ، سرکاری گاڑی پر پٹرول بم سے حملہ کے الزامات شامل ہیں، ایف آئی آر میں توڑ پھوڑ کی منصوبہ بندی کرنے کی دفعات بھی شامل ہیں۔متن کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ ساتھ 45 رہنما و کارکن ایف آئی آر میں نامزد کر لئے گئے۔
مقدمے کے متن کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل سے احتجاج کی کال دے رکھی تھی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بھی احتجاج میں شرکت کا اعلان کر رکھا تھا، ملزمان پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ ملزمان نے ٹائر اور کپڑے جلا کر عوام الناس کا راستہ روکا اور ان کے لئے مشکلات پیدا کیں، ملزمان نے جلاو گھیراو اور پتھراوکیا، منع کرنے پر ملزمان نے پتھروں، اینٹوں، ڈنڈوں سے پولیس پر حملہ کیا، پولیس نفری نے بڑی مشکل سے اپنی جانیں بچائیں، ملزمان کے تشدد کے باعث پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں