آصف زرداری اور نواز شریف کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس چلے گا یا نہیں؟ فیصلہ محفوظ کر لیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی)احتساب عدالت اسلام آباد نے صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ریفرنس نیب کو واپس بھیجنے سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

آصف علی زرداری، نواز شریف اور دیگر کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس نیب کو واپس بھیجنے سے متعلق درخواست پر سماعت احتساب عدالت کی جج عابدہ سجاد نے کی۔صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک اور نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح اور پلیڈر رانا عرفان احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا ریفرنس میں مجموعی طور پر 5 ملزمان ہیں، نیب ترامیم کے بعد یہ کیس اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں، اس کیس کو واپس چیئرمین نیب کو بھیج دیا جائے۔

جج احتساب عدالت کا کہنا تھا فریقین اس نکتے پر متفق ہیں کہ ریفرنس اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں، جب یہ کیس آیا تھا اس وقت آصف زرداری کو صدارتی استثنیٰ نہیں ملا تھا، جس پر وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا آصف علی زرداری پہلے بھی صدر بنے تو استثنیٰ لیا تھا لیکن جب صدارت سے اترے تو دوبارہ نیب میں پیش ہوئے تھے، احتساب عدالت ریفرنس واپس بھیج دے، آگے نیب کا اختیار کیس کس کو بھیجتی ہے، اب کیس جس کے پاس جائے گا وہاں سوال ہوگا کہ کیا آصف زرداری پر کیس بنتا ہے یا نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں