راولپنڈی (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کو اسٹیبلیشمنٹ سے رابطے ختم کرتے ہوئے احتجاجی تحریک لیڈ کرنے کی ہدایت دے دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قائد پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو ہر صورت راولپنڈی جلسے میں پہنچنے اور جمعرات و جمعے کی احتجاجی ریلیوں کی تیاریوں کی ذمہ داری دی ہے، اس کے علاوہ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو راولپنڈی کے بعد لاہور میں دوبارہ جلسہ کرنے کا بھی ٹاسک دیا، لاہور جلسے میں لائحہ عمل کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہر قسم کے رابطے ختم کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت احتجاجی تحریک کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں، بے شک خیبرپختونخوا کی حکومت ختم ہوتی ہے یا گورنر راج لگتا ہے تو بھی کشتیاں جلا کر آئینی ترمیم کے خلاف احتجاجی تحریک کو لیڈ کرنا ہے۔
ذرائع سے معلوم ہوا کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک میں نے ہی دیا تھا لیکن اب اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی کیوں کہ اسٹیبلشمنٹ نے ہمارے ساتھ دھوکا کیا ہے، اس کے بعد مذاکرات کے تمام راستے بند کردیئے جائیں۔ بتایا جارہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے یہ ہدایات منگل کے روز اس وقت جاری کی گئیں جب وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے ان سے جیل میں ملاقات کی، جیل ذرائع سے پتا چلا کہ ملاقات میں پارٹی امور و ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی، یہ ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی جو ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی، ملاقات میں لاہور جلسہ کے حوالے سے بات چیت کی گئی، ملاقات میں 28 ستمبر کو راولپنڈی میں ہونے والے جلسہ کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں