کراچی (پی این آئی)عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حقیقت نہیں بلکہ ایک پروجیکٹ تھا، جس کے پیچھے مغرب کا ایجنڈا ہے۔
کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس کے دوران ایمل ولی خان نے کہا کہ چاہے وہ امریکی کانگریس ہو یا اسرائیلی اخبارات تمام چیزیں سامنے آرہی ہیں۔ پی ٹی آئی کبھی ایک حقیقت نہیں تھی، یہ ایک پروجیکٹ تھا جس کے پیچھے مغرب کا ایجنڈا ہے۔ اے این پی سربراہ نے مزید کہا کہ 3 صوبوں میں انتخاب نہیں مانے جارہے ہیں مگر خیبر پختونخوا کے انتخابات کو سب شفاف مانتے ہیں ۔اُن کا کہنا تھا کہ اب کی پی ٹی آئی میں جو لوگ ہیں، وہ بانی چیئرمین کے نہیں ہیں بلکہ ادارے کے ہیں، ہمارا پی ٹی آئی سے کوئی مسئلہ نہیں، مسئلہ انہیں ہے جنہوں نے پی ٹی آئی بنائی۔
ایمل ولی خان نے یہ بھی کہا کہ ہمیں پہلے ہی معلوم تھا کہ علی امین گنڈاپور وزیر اعلیٰ ہوگا، عمر ایوب اور شبلی فراز بانی پی ٹی آئی کے لوگ نہیں ہیں جنہوں نے یہ پارٹی بنائی تھی ان کے ساتھ بھی اب مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاست کےلیے طالبان سے مذاکرات کئے تھے، طالبان اور پی ٹی آئی دونوں ایک ہیں، تحریک انصاف طالبان کا سیاسی ونگ ہے۔کے پی میں جنگ ہم نے خود مول لی، ہم نے اس جنگ کو خود ویلکم کیا، ہم نے اپنے بارڈر کھولے، افغانیوں کو غیرقانونی ویلکم کیا۔اُن کا کہنا تھا کہ ان کو حکومتیں دہشت گردوں کی ملی بھگت سے ملی ہیں، بانی پی ٹی آئی نے 40 ہزار دہشت گردوں کو پاکستان منتقل کروایا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں