ن لیگی سینیٹر نے مخصوص نشستوں کا معاملہ پارلیمنٹ لے جانے کا عندیہ دیدیا

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے مخصوص نشستوں کے معاملے کو پارلیمنٹ لے جانے کاعندیہ دیدیا، ہم یہ نہیں کر سکتے صرف ایک بات اس لئے مان لی جائے کہ اسے 8 ججوں نے کہا ہے،ن لیگ مخصوص نشستوں کے معاملے کو پارلیمنٹ میں لے جانے کا ارادہ رکھتی ہے،میڈیا رپورٹس کے مطابق ن لیگی سینیٹرز نے مزید کہاکہ پارلیمنٹ اس معاملہ کودیکھے گی۔

مخصوص نشستوں پرنظرثانی اپیلوں سے پہلے ہی حکومت سے عمل درآمد کا تقاضہ کیا جا رہا ہے۔ایسی پارٹی کو ریلیف دیا گیا جو مخصوص نشستوں کا تقاضہ لے کر الیکشن کمیشن نہیں گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی نہ تو سپریم کورٹ گئی اور نہ ہی کسی ہائی کورٹ میں اس نے کوئی اپیل دائر کی مگر اس کے باوجود مخصوص نشستیں انہیں دیدیں گئیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیاتھا جو 70 صفحات پر مشتمل تھا۔

تفصیلی فیصلہ جسٹس منصور علی شاہ نے تحریر کیا تھا۔ تفصیلی فیصلے میں کہا گیاتھا کہ مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن کے یکم مارچ کے فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیںتھی۔ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیدیاگیاتھا۔ الیکشن میں بڑا سٹیک عوام کا ہوتا ہے، انتخابی تنازعہ بنیادی طور پر دیگر سول تنازعات سے مختلف ہوتا ہے۔عدالت کی جانب سے فیصلے میں کہا گیاتھا کہ یہ سمجھنے کی بہت کوشش کی کہ سیاسی جماعتوں کے نظام پر مبنی پارلیمانی جمہوریت میں اتنے آزاد امیدوار کیسے کامیاب ہو سکتے ہیں ؟ اس سوال کا کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا گیاتھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close