مخصوص نشستوں کا معاملہ، بیرسٹر گوہر کا بڑا بیان آگیا

اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مخصوص نشستیں تحریک انصاف کا حق ہے، الیکشن کمیشن 38 ایم این ایز کا جلد اعلان کرے۔

پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہرنے کہا کہ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آپ نے چوتھی میٹنگ کرلی، پھر بھی فیصلہ نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے کردار پر سوال اٹھایا ہے، جس آئینی ترمیم کے باعث عدلیہ پر قدغن لگے ہم اسے قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے تاخیری حربوں کے باعث خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات تاخیر کا شکار ہوئے، مطالبہ کرتے ہیں کہ 38 ایم این ایز کے نوٹیفکیشن جاری کیے جائیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر 28 ستمبرکو پنڈی میں جلسہ ضرور ہوگا۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے یکم مارچ کے فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، انتخابی نشان نہ ملنے سے سیاسی جماعت کا الیکشن لڑنے کا آئینی حق متاثر نہیں ہوتا۔تفصیلی فیصلے میں الیکشن کمیشن کو ایک بار پھر خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close