اسلام آباد (پی این آئی )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) بیرسٹر گوہر نے نئے ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی ) انٹرسروسز انٹیلی جنس ( آئی ایس آئی ) لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کی تقرری کو خوش آئند قرار دے دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو آئی ایس آئی کا ڈی جی تعینات کر دیا گیا ہے اور وہ 30 ستمبر کو اپنی نئی ذمہ داری سنبھالیں گے، وہ اس وقت جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں ایڈجوٹینٹ جنرل کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اس سے پہلے بلوچستان میں انفنٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کمانڈ کر چکے ہیں جبکہ وہ اپنے کورس میں اعزازی شمشیر بھی حاصل کر چکے ہیں۔عاصم ملک چیف انسٹرکٹر این ڈی یو اور انسٹرکٹر کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ بھی تعینات رہ چکے ہیں اور فورٹ لیون ورتھ اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز کے گریجویٹ بھی ہیں۔
تقرری پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے اسے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ ادارے کا اپنا معاملہ ہے ہمیں کوئی تحفظات نہیں بلکہ بہتری کی توقعات ہیں۔سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری اچھی بات ہے، ہمیں بہتری کی توقعات ہیں اور تقرری پر کوئی تحفظات نہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں