پی ٹی آئی کا اگلا جلسہ کہاں ہو گا؟ عمران خان نے اعلان کر دیا

راولپنڈی ( پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ اگلا جلسہ میانوالی میں نہیں بلکہ آئندہ ہفتے راولپنڈی میں کریں۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہ پارٹی کو کہہ دیا ہے اگلے ہفتے کو ہم راولپنڈی میں جلسہ کریں گے، پارٹی کو کہتا ہوں جلسے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کریں، عدلیہ کو ختم کرکے یہ غیر اعلانیہ مارشل لاء لگانا چاہتے ہیں، یہ وہ ترامیم کرنے لگے ہیں جو کسی آمر نے بھی نہیں کی، جب تک انصاف نہیں ہوگا ملک میں امن نہیں ہوگا، آپ جو ترامیم کرنے جا رہے ہیں ان سے کیا امن آئے گا، ہم ان ترامیم کے خلاف سٹریٹ موومنٹ شروع کریں گے، جلسے کی اجازت نہ ملی تو احتجاج کریں گے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ لاہور میں جلسے سے ایک دن قبل اجازت دی گئی اور پھر کنٹینرز لگا دیئے گئے، ہمارے جلسوں میں لوگ پیدل چل کر آتے ہیں ہم قیمے والے نان نہیں کھلاتے، گرمیوں کا جلسہ شام میں ہوتا ہے اور یہ کہتے ہیں کہ چھ بجے جلسہ ختم کر دو، تھرڈ ایمپائر کا کردار یہ ہے کہ پی ٹی ائی کو میچ ہی نہ کھیلنے دیا جائے، ایمپائر تو انصاف کرتے ہیں، پارٹی کو داد دیتا ہوں کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود جلسہ کیا گیا۔

عمران خان کہتے ہیں کہ کل سے پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے میں اسرائیلی تعلقات کا خواہاں اور بڑا حامی ہوں، اسرائیلی اخبار میں چھپنے والے آرٹیکل میں میری تعریف اور میری کریڈیبلٹی کی بات کی گئی، لگتا ہے ان کو انگریزی سمجھ نہیں آتی، اسرائیل کے حوالے سے میرا مؤقف آج بھی وہی ہے، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کُشی کر رہا ہے، پہلے سیز فائر کرے، آپ پہلے دو ریاستی حل کی جانب جائیں پھر آپ سے بات چیت ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close