رات گئے زوردار دھماکہ، جانی نقصان ہوگیا، افسوسناک خبر

سوات (پی این آئی ) سوات میں مالم جبہ روڈ پر پولیس موبائل کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

 

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس وین دس سے زائد ممالک کے سفیروں کی سکیورٹی قافلے میں شامل تھی، قافلے میں روس، ایران، پرتگال، انڈونیشیا، تاجکستان، قازقستان اور ایتھوپیا کے سفیر تھے، تمام سفیر چمیبرآف کامرس مینگورہ کی تقریب میں شرکت کے بعد مالم جبہ جارہے تھے کہ اس دوران یہ واقعہ پیش آیا، دھماکے میں تمام سفیرمحفوظ رہے اور واقعے کے بعد تمام سفیر اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

 

 

اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مالم جبہ اورسوات کے دورے کے بعد اسلام آباد واپس جانے والے سفارتکاروں کے گروپ کے ساتھ ایک واقعہ پیش آیا، پولیس گاڑی کو آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جس میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا، واقعے کے بعد سفارتکاروں کا گروپ بخیریت اسلام آباد واپس پہنچ گیا، ایسے واقعات پاکستان کو دہشت گردی کےخلاف جدوجہد کے عزم سے نہیں روک سکتے، شہید پولیس اہلکار کے خاندان اور زخمی 3 افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکرتے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو دہشت گردوں کے سامنے ثابت قدم رہتے ہیں۔

 

 

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران اور پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے شیر آباد کے علاقے مالم جبہ روڈ پر پولیس موبائل پر حملے کی شدید مذمت کی ، پولیس اہلکاروں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، وفاقی وزیر نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ان کے لئے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی،وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے شہید پولیس اہلکاروں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

 

 

انہوں نے کہا کہ امن کی بحالی کے لیے پولیس فورس کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، صوبائی حکومت وقت اور وسائل ضائع کرنے کی بجائے امن پر توجہ دے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں