خیبر پختونخوا حکومت کے کابینہ ارکان نے واضح کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور لاہور جلسے میں کوئی معافی نہیں مانگیں گے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کا وزیر اعلیٰ سے معافی مانگنے کی شرط رکھنا مضحکہ خیز ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ مریم نواز اپنے بلڈ پریشر پر قابو رکھیں، ڈاکٹروں کی ٹیم مریم نواز کے پاس ہونی چاہیے۔مشیر اطلاعات کے پی نے مزید کہا کہ جلسےکی اجازت کے باوجود کارکنوں کی پکڑ دھکڑ، راستے بند کرنا شرمناک ہے، پولیس نے جلسہ گاہ سے ساؤنڈ سسٹم اور کرسیاں اٹھا کر تھانہ کاہنہ میں رکھی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایس او پیز کے ساتھ لاہور میں جلسے کی اجازت دی تھی، جلسے کے ضوابط میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو 8 ستمبر کے جلسے میں سخت زبان استعمال کرنے پر معافی مانگنا ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کو سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کو 8 ستمبر کے جلسہ میں سخت زبان استعمال کرنے پر معافی مانگنا ہوگی، جلسہ کی سیکیورٹی آرگنائزرز کے ذمہ ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں