تحریکِ انصاف کے لاہور جلسے کے لیے کارکنوں نے لاٹھیاں اٹھا لیں۔
مشیرِ اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کارکنوں نے لاٹھیاں ذاتی حفاظت اور راستہ صاف کرنے کے لیے اٹھا رکھی ہیں۔دوسری جانب صوابی میں وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا کے خطاب کے لیے پنڈال تیار کرلیا گیا ہے جس میں ایک ہزار کرسیاں لگادی گئی ہیں اور کارکنوں کی آمد جاری ہے۔لاہور کی کاہنہ مویشی منڈی میں آج ہونے والے تحریکِ انصاف کے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں جہاں پنڈال میں کرسیاں لگانے کا کام جاری ہے۔
پنڈال میں لائٹیں، ڈی جے، ساؤنڈ سسٹم اور جنریٹر بھی پہنچا دیے گئے ہیں تاہم اسٹیج کیلئے لایا جانے والا کنٹینر رنگ روڈ کے انڈر پاس میں سےنہ گزرنے کے باعث تاحال پنڈال میں نہیں پہنچ سکا ہے۔ پنڈال میں کھانے پینے، پارٹی پرچموں اور ٹوپیوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ فیروزپور روڈ پر کاہنہ مویشی منڈی جانے والے تمام راستے کھلے ہیں،فیروزپور روڈ سے کاہنہ کی طرف سڑک کے دونوں اطراف کنٹینرز کھڑے ہیں، تاہم لاہور قصور روڈ اور رنگ روڈ پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔جلسے کیلئے خواتین کارکنان آنا شروع ہوگئی ہیں جن کا کہنا ہے کہ اسٹیج کے بغیر بھی جلسہ بریک تھرو والا ہوگا اور خواتین کارکن بھی گرمی کے باوجود جلسہ میں پھرپور شرکت کریں گی۔
یاد رہے کہ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے کاہنہ میں پی ٹی آئی کے جلسے کے ایس او پیز جاری کردیے ہیں جن کے تحت جلسے کا وقت دوپہر 3 سے شام 6 بجے تک ہوگا۔ایس او پیز کے مطابق منتظمین اسٹیج اورانکلوژرز کی سیکیورٹی کے ذمہ دارہوں گے، منتظمین بھگدڑ کی روک تھام اور مناسب پارکنگ کا انتظام یقینی بنائیں گے۔ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ جلسے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ اسلام آباد میں کی گئی تقریروں پر معافی مانگیں گے، باہر سے آنے والے قافلے روزمرہ معمولات میں خلل نہیں ڈالیں گے، جلسے میں ریاست مخالف یا اداروں کے خلاف نعرے بازی یا بیان بازی نہیں کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں