بلاول بھٹو زرداری نے آئینی عدالت کے قیام کے حمایت کردی

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئینی عدالت کے قیام کے حمایت کردی۔

اسلام آباد میں ملک بھر کے وکلاء نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آئینی عدالت میثاق جمہوریت کے تحت قائم کی جانی چاہیے، آئینی عدالت کا قیام بے نظیر بھٹو کا وژن تھا، پاکستان میں روایت چلی آرہی ہے کہ آپ کی رشتہ داری ہے تو آپ جج بنیں گے، اس کا نقصان ہمارے عدالتی عمل کو ہوا ہے، جج کا کام ڈیم بنانا یا ٹماٹر پکوڑے کی قیمتیں طے کرنا نہیں بلکہ آئینی ذمے داریاں پوری کرنا ہے، ہمیں عدالتی تقرریوں کا عمل درست کرنا ہے، وفاق کے ساتھ ساتھ صوبوں میں بھی آئینی عدالتیں ہونی چاہئیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وکلاء نے ملک کو آئین دیا، آپ کی محنت سے ہم نے پارٹی کی بنیاد رکھی، 1973 کا آئین ملک کو دیا، آپ کی جدوجہد سے ہم نے مشرف کی آمریت کو شکست دی، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے نا انصافی دیکھی، والد کا عدالتی قتل ہوا، شہید بی بی کا وژن تھا کہ ہمیں آئینی عدالت قائم کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو سیاست سے نقصان پہنچا ہے، پیپلز پارٹی نے چارٹر آف ڈیمو کریسی پر دستخط کیے ہیں، آمرانہ دور میں وکلاء نے جمہوریت بحالی کیلئے کوششیں کیں، پارلیمنٹ نے فیصلہ کیا کہ عوام کا فیصلہ ہوگا کون جج بنے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close