جبران الیاس اور رؤف حسن کے لیک واٹس ایپ پیغامات نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا، ریاست مخالف بیانیہ آشکار

لاہور (پی این آئی)پی ٹی آئی ترجمان روف حسن کے واٹس ایپ پیغامات نے تہلکہ مچا دیا ہے جس کے بعد جبران الیاس کا ریاست مخالف بیانیہ بے نقاب ہو گیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق غیر ملکی ایجنڈے پر کار بند جبران الیاس بیرونِ ملک سے پی ٹی آئی کا ریاست مخالف بیانیہ چلا رہا ہے، رؤف حسن کے ساتھ واٹس ایپ پیغامات نے سازش کا پول کھول دیا ہے ، سانحہ 9مئی کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر پروپیگنڈہ پھیلانے کےلئے جبران الیاس نے رؤف حسن کو واٹس ایپ پر ہدایات دیں، دسمبر 2023سے مئی 2024 تک تصاویر، ویڈیوز اور پیغامات کے ذریعے مختلف بیانیے جبران الیاس نے رؤف حسن کو بھیجے ، جبران الیاس نے رؤف حسن کو پروپیگنڈے کے لئے 9 مئی سے متعلقہ فتنہ پھیلانے والی ویڈیوز اور ہیش ٹیگز بھی ارسال کئے۔

ذرائع کے مطابق رواں سال یکم مئی کو جبران الیاس نے رؤف حسن کو ٹی وی چینلز کے اسکرین شاٹس بھیجے جس میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے 9 مئی کے حوالے سے ریمارکس بھی شیئر کیے گئے ، ، جبران الیاس نے رؤف حسن کو سوشل میڈیا پر چلائے گئے ٹرینڈز “مداخلت ہوتی ہے” اور “مئی 9 فالس فلیگ” بھی شئیر کیا، جبران الیاس کی جانب سے جسٹس منصور علی شاہ کا بیان بھی پروپیگنڈے کے لئے شیئر کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ”یہ کس قسم کی ریاست ہے کہ ہر وقت اس چیز کا ڈر لگا رہتا ہے کہ کوئی ہمیں دیکھ رہا ہے، کوئی ہمیں سن رہا ہے، کوئی ہماری ریکارڈنگ کر رہا ہے، کیمرے ہماری ویڈیو بنا رہے ہیں، کیا ریاست اس طرح چلائی جاتی ہے”؟ ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close