مخصوص نشستوں کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد ( پی این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کی وضاحت کے معاملے پر قانونی ماہرین سے رائے لینے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، سیکریٹری ای سی پی، سپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن لاء اور لیگل ٹیم شریک ہوئی۔ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے حوالے سے 12جولائی 2024ء کے شارٹ آرڈر اور الیکشن کمیشن کی طرف سے اس پر مانگی گئی وضاحت کے جواب میں سپریم کورٹ سے 14ستمبر2024ء کو جاری کردہ آرڈر پر غور کیا، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے پارلیمنٹ کی طرف سے جو قانون سازی کی گئی ہے اس پر بھی غور کیا اور اس سلسلے میں قانونی نکات اور مضمرات کا بھی جائزہ لیا، آج کے اجلاس میں الیکشن کمیشن نے لیگل ایکسپرٹس سے رائے لینے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کا اجلاس کل دوبارہ ہوگا۔

واضح رہے کہ مخصوص نشستوں کے کیس میں اکثریتی فیصلہ دینے والے سپریم کورٹ کے 8ججز نے 14ستمبر کو فیصلے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو وضاحت جاری کی تھی جس میں کہا گیا کہ 41 آزاد قرار دئیے گئے ایم این ایز تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی ہیں، اس حوالے سے 12 جولائی کے فیصلے میں کوئی ابہام نہیں ، الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست تاخیری حربہ ہے، الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست درست نہیں، الیکشن کمیشن کی وضاحتی درخواست عدالتی فیصلہ پر عمل درآمد کے راستہ میں رکاوٹ ہے، حالاں کہ الیکشن کمیشن نے خود بیرسٹر گوہر کو پارٹی چیئرمین تسلیم کیا، اب الیکشن کمیشن وضاحت کے نام پر اپنی پوزیشن تبدیل نہیں کر سکتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں