پاکستانی ترانے کے دوران کھڑے کیوں نہ ہوئے؟ افغان قونصلیٹ کا بیان آگیا

اسلام آباد(پی این آئی)پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر کی جانب سے سفارتی آداب کی خلاف ورزی پر افغان قونصلیٹ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں ترجمان افغان قونصلیٹ پشاور شاہد اللہ کا کہنا تھاکہ پاکستانی ترانے کی بے حرمتی اور بے توقیری ہرگز مقصد نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ترانے میں میوزک تھا اس لیے قونصل جنرل کھڑے نہیں ہوئے، ہم نے اپنے قومی ترانے پر بھی میوزک کی وجہ سے پابندی لگائی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ اگر ترانہ بغیر میوزک یا بچے پیش کرتے تو قونصل جنرل لازمی کھڑے ہوتے اورسینے پر ہاتھ بھی رکھتے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان یا قومی ترانے کی توہین کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔خیال رہے کہ پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر کی جانب سے سفارتی آداب کی خلاف ورزی کی گئی۔ قومی رحمت للعالمین ﷺ کانفرنس میں قومی ترانہ شروع ہوتے ہی تمام شرکا احترام میں کھڑے ہوگئے لیکن افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہ ہوئے بلکہ تقریب میں شریک ان کے ساتھی بھی احتراماً کھڑے نہ ہوئے۔دوسری جانب سرکاری ذرائع کے مطابق افغان ناظم الامورکواحتجاجی مراسلہ دینے کیلئے دفترخارجہ طلب کرلیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close