علی امین گنڈا پور کے افغانستان سے مذاکرات کے بیان پر مولانا فضل الرحمان کا ردعمل بھی سامنے آگیا

اسلام آباد(پی این آئی) جمعیت علماءاسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کے افغانستان سے مذاکرات کے بیان کو جذباتی قرار دیدیا، یہ جذباتی باتیں ہیں ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی (ف) نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا ہ میں گورنر راج لگانے کے حالات نہیں ہیں۔آئینی ترمیم کے حوالے سے بھی اپنی پارٹی پوزیشن واضح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اس حوالے سے گزشتہ روز اپنا موقف واضح کردیا ہے ان کا کہنا تھاکہ ہم نے آئینی ترمیم کے حوالے سے اپنی اصلاحات تجویز کی ہیں اگر ہماری تجاویز پر آئینی ترمیم ہوئی تو ہم اس پر غور کریں گے۔ خیبر پختونخوا ہ میں حالات اچھے بھی نہیں ہیں مختلف اضلاع میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز افغانستان سے مذاکرات کیلئے اپنا وفد بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔علی امین گنڈاپور نے وفد بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذاکرات کرکے جو خون بہہ رہا ہے اسے روکیں گے۔ انہوں نے شکوہ کیا تھا کہ ایپکس کمیٹی میں متعدد بار وفد بھیجنے کی درخواست کی لیکن کسی نے توجہ نہیں دی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close