پشاور(پی این آئی)محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے میں منکی پاکس وائرس کے نئے کیس کی تصدیق کی ہے۔
وزیر صحت خیبر پختونخوا قاسم علی شاہ کے مطابق پبلک ہیلتھ لیب نے مریض کے نمونوں میں ایم پاکس وائرس کی تصدیق کی ہے جس کے بعد مریض کو دیر لوئر میں اس کے گھر پر قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مریض خلیجی ملک سے 7 ستمبر کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر پاکستان آیا اور پشاور کے ایک ہوٹل میں قیام کیا۔ حکام کا بتانا ہے کہ اگلے دن مریض علاج کے سلسلے میں نجی کلینک گیا جہاں سے مریض کو خیبرٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا، خیبرٹیچنگ اسپتال نے مریض کے نمونے پبلک ہیلتھ لیب بھجوائے تھے۔
حکام کے مطابق منکی پاکس کا نیا کیس سامنے آنے کے بعد خیبر پختونخوا میں ایم پاکس کیسز کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ واضح رہے 3 دن قبل ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ خیبرپختونخوا نے کہا تھاکہ صوبے میں منکی پاکس کا اب کوئی مریض نہیں ہے اور منکی پاکس کا پہلا مریض مردان کا رہائشی صحت یاب ہوگیا۔ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ کا کہنا تھا کہ مریض کا پی سی آر ٹیسٹ منفی آنے پر منکی پاکس کا کوئی کیس نہیں بچا، تین مریض اس سےقبل صحت یاب ہوکرگھر جاچکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں