بلاول بھٹو نے حکومتی اقدامات کی مخالفت کر دی

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت آگ پر تیل ڈالے گی تو اپنا کام نہیں کر سکے گی، بانیٔ پی ٹی آئی سے کوئی ذاتی مخالفت نہیں۔

ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے ماحول خراب کر دیا تھا، آپ بھی وہی کریں گے جو انہوں نے کیا تو کل آپ اور میں بھی جیل میں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ گیلری میں بیٹھے ہوئے لوگوں میں سے ہمیں دیکھ کر کوئی ایک بھی سیاستداں بننا نہیں چاہے گا، سیاست کو گالی بنا دیا گیا ہے، اسی سیاست سے نوجوانوں کو روزگار اور معاشی انصاف دلوانا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ باہر جو سیاست کریں وہ ہماری مرضی ہے، مگر ایوان میں ہماری ایک ذمے داری ہے، پارلیمان ملک کا سپریم ادارہ ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جلسے میں آپ جو کہیں وہ اپنی جگہ، اگر آپ کسی اسمبلی کے ممبر ہو تو آپ کی سیاست اپنی جگہ، آپ کو ایک ورکنگ ریلیشن شپ رکھنا ہے، ن لیگ کی وفاق اور پنجاب میں حکومت ہے، سندھ اور بلوچستان میں ہماری حکومت ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ آئین کی بالا دستی کے بغیر کوئی ادارہ نہیں چل سکتا، ہمارا حکومت کے ساتھ اختلافِ رائے ہوتا ہے،

اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ کسی نے میرے باپ کو یا میری ماں کو جیل میں ڈالا، آپ کا لیڈر کچھ عرصے کے لیے جیل میں ہے، کوئی فرق نہیں پڑتا، ان کا کیس میرٹ پر لڑیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسی پر تنقید کرتا آ رہا ہوں، ان کے ساتھ مختلف میٹنگز میں بیٹھتا ہوں، سیاسی اختلافِ رائے ہو سکتا ہے، ہم نے مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close